میرٹھ ،13 مارچ(ایس او نیوز) بھیم آرمی کے بانی چندرشیکھر آزاد پی ایم نریندر مودی کے خلاف وارانسی سے لوک سبھا انتخابات لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ پہلے تو وہ اپنی تنظیم سے کوئی مضبوط امیدوار اتارنے کی کوشش کریں گے، اور امیدوار نہ ملنے پر وہ خود مودی کے خلاف الیکشن لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مودی جی کو آسانی سے جیتنے نہیں دوں گا۔اس سے پہلے میرٹھ پہنچ کر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے چندر شیکھر آزاد سے ملاقات کی۔جس کے بعد کانگریس اوربھیم آرمی کے درمیان اتحاد کی قیاس آرائیاں بھی کی جانے لگی ہیں ۔ پرینکا گاندھی کے ساتھ اپنی ملاقات پر چندر شیکھر نے بتایا کہ پرینکا نے ان کو بھائی کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے ان کا حال پوچھا۔میں نے کہا بہن میں ٹھیک ہوں۔
چندر شیکھر نے کہا کہ پرینکا گاندھی نے کہا کہ آپ اکیلے لڑ رہے ہیں حکومت کے خلاف میں، آپ کو اتنا بتانے آئی ہوں کہ ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔ہم سب آپ کی حمایت کرتے ہیں۔چندر شیکھر نے کہا کہ میں کسی سیاسی پارٹی کی حمایت نہیں چاہتا ہوں۔میں بہوجن سماج میں پیدا ہوا ہوں، وہیں مروں گا۔انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں میرا مقصد صرف مودی کو ہرانا ہے۔وہ جہاں سے الیکشن لڑیں گے میں بھی وہیں سے میدان میں اتروں گا۔
اس سے پہلے ایک ویڈیو میں انہوں نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ کل دیوبند میں ان کی پیدل یاترا انہی کے اشارے پر روکی گئی تھی۔انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس پیدل مارچ کی اجازت تھی، لیکن انتظامیہ اور حکومت اس بات کو لے کر جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔ آزاد نے کہاکہ 15 مارچ کو دہلی میں بہوجن ہنکار ریلی ہوگی، اس میں بڑی تعداد میں لوگ شرکت کریں گے۔چاہے جو اسے روکنے کی کوشش کرے، اب یہ نہیں رکے گی۔
چندر شیکھر نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات میں مایاوتی کو مکمل حمایت دی جائے گی۔